اردو | NEWS

عمران خان کی پارٹی رہنمائوں کوعام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت

اسلام آباد(ایم این این)وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو 2023 کے عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کردی۔ڈان کے مطابق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپارٹی آزاد جموں و کشمیر اور تمام فوجی کنٹونمنٹ بورڈز میں آئندہ انتخابات کو عام انتخابات کے لئے وارم اپ سیشن سمجھے۔
بنی گالا میں وزیراعظم کی رہائش گاہ پراجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈان کو بتایا کہ وزیراعظم خواہش مند تھے کہ پارٹی پوری تیاری کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات لڑے۔وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کوپی ٹی آئی کی ڈورٹوڈور ممبرشپ مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی جس کا مقصد آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کے ووٹ بینک کوبڑھانا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاحکمران جماعت جلد ہی چاروں صوبوں اور ملک کے دیگر حصوں میں رکنیت سازی مہم شروع کردے گی۔پارٹی کے تمام پارلیمنٹیرینز کو پارٹی ووٹ بینک کو بڑھانے کا کام سونپ دیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ اس سلسلے میں عوامی جلسے بھی ہوں گے۔وزیراعظم کا موقف تھا کہ آنے والے دو انتخابات کے نتائج کا اگلے عام انتخابات پریقینی طورپراثرپڑے گا۔اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی کے امکانات سے بچنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں ای وی ایم استعمال نہ کرنے پر اپوزیشن کے موقف پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہئے اپوزیشن اس معاملے پر حکومت کے ساتھ بیٹھے یا نہ بیٹھے ضروری قانون سازی لازمی کرنی چاہئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ 21 بلوں کی ’فوری‘ منظوری کا جائزہ لینے کے لئے حکومت اور اپوزیشن بینچز کے اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔اجلاس میں وزیراعظم کے اس فیصلے کی توثیق کی گئی کہ حکومت تمام اہم قومی امور پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہے۔

ویڈیوز

پیرس میں سجادیسی فیشن شو
ننھے مہمانوں سے رونقیں بحال
سرکاری ملازمین بھی احتجاج کیلئے نکل پڑے
میجرکی فروٹ چاٹ ہوگئی کامیاب