این اے 249 کراچی،ن لیگ کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور

5 days ago


مفتاح اسماعیل کی درخواست پرالیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنادیا

الیکشن کمیشن نے این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن میں دوبارہ گنتی کی مفتاح اسماعیل کی درخواست پرمحفوظ کیاگیافیصلہ سنادیا۔الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کی درخواست منظورکرلی۔تمام جماعتوں کو6مئی والےدن آراوآفس پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔

اس حوالے سے آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت کی،پیپلز پارٹی کی طرف سے لطیف کھوسہ اور (ن) لیگ کی طرف سے سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیئے۔

مسلم لیگ (ن) کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دورانِ سماعت فارم 45 کمیشن کے سامنے پیش کیا اور کہا دستخط شدہ فارم 45 ہر پولنگ ایجنٹ کو دینا لازم ہے، 167 پولنگ سٹیشن پر فارم 45 پر کسی پولنگ ایجنٹ کے دستخط نہیں، ہمیں ایک بھی فارم 46 جاری نہیں کیا گیا،کسی پر پولنگ ایجنٹ کا دستخط نہیں، پولنگ بند کرکے فارم 45 اور 46 کی تیاری کے وقت کچھ ہوا۔

فارم 46 کا معاملہ پریشان کن ہے،اس معاملے کی تحقیقات کی جائے کیونکہ فارم 46 سوائے ایک کے کسی پولنگ سٹیشن پر پریذائیڈنگ افسرنے جاری نہیں کیا ،دو فارم 45 کے علیحدہ پیپرز پر دستخط لئے گئے، پولنگ بند ہونے کے بعد قانون کے مطابق طریقہ کار اپنایا نہیں گیا ،ہمیں سرکاری طور پر 683 ووٹ کا فرق بتایا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا صرف دوبارہ گنتی نہ کی جائے ، فارم 45,46 کا معاملہ مداخلت ظاہر کرتا ہے ، ہم پورے حلقے میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرتے ہیں، اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائے کیونکہ سارا معاملہ مشکوک ہو گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا پولنگ کے وقت یا بعد میں آر او کے سامنے یا الیکشن کمیشن کے سامنے کوئی شکایت نہیں آئی، آر او پابند نہیں کہ دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرے، انہوں نے کوئی شواہد نہیں لگائے ، بس کہہ دیا کہ شکوک و شبہات ہو رہے ہیں۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا یہ درخواست بالکل بلا جواز ہے، انہوں نے ہارنے سے پہلے کہیں درخواست نہیں دی۔بعد ازاں دونوں وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیاتھا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھاکہ درخواست پر فیصلہ آج ہی سنائیں گے۔

یاد رہے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل 16156 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل 15473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، اس طرح دونوں امیدواروں کے درمیان 683 ووٹوں کا فرق تھا۔مستردکئے گئے ووٹوں کی تعداد713ہے۔

شیئر کریں



یہ بھی پڑھیے


این اے 249 کراچی،ن لیگ کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور