اردو | NEWS

پاکستان نےبنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)تیسرے اور آخری میچ میں شکست دیکرپاکستان نے بنگلا دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ڈھاکا میں کھیلی گئی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ بنگلادیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگزکا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا، دونوں کے درمیان 32 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم بابراعظم 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن رضوان 40 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔
حیدرعلی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 45 رنز کی اننگز کھیلی تاہم آخری اوور میں جب پاکستان کو 8 رنزدرکار تھے وہ آئوٹ ہوگئے جس کے بعد مزید ایک وکٹ گرنے سے قومی ٹیم دبائو کا شکار ہوگئی،بنگلادیشی بولر نے آخر اوور میں تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تاہم محمد رضوان نے 20 ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا مار کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس سے قبل بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز میں ہی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی اسکور پر گرگئی جس کے بعد محمد نعیم اور ون ڈائون آنے والے شمیم حسین نے اسکور آگے بڑھایا، محمد نعیم نے 47 جب کہ شمیم حسین نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی بولنگ اٹیک کے آگے بنگلادیش کی بیٹنگ ایک بار پھر خاص کارکردگی کامظاہرہ نہ کرسکی اورکوئی بھی بنگلادیشی کھلاڑی بڑاسکور کرنے میں ناکام رہا جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ شاہنواز دھانی اور حارث رئوف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویڈیوز

پیرس میں سجادیسی فیشن شو
ننھے مہمانوں سے رونقیں بحال
سرکاری ملازمین بھی احتجاج کیلئے نکل پڑے
میجرکی فروٹ چاٹ ہوگئی کامیاب