سینٹ الیکشن:گیلانی،واوڈاکے کاغذات منظور،پرویزرشیدکے مسترد

2 weeks ago


پنجاب سے خواتین کی دو نشستوں پر امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب کا امکان

سینٹ انتخابات کے لئے مسلم لیگ ن کے امیدوار پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیئے۔

پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پنجاب ہائوس کے واجبات ادا نہ کرنے پر مسترد ہوئے۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔

اسلام آباد میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریٹرنگ آفیسر نے 9 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری دی ۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہداللہ خان کے انتقال کے بعد پنجاب میں پارٹی کو ان کے کورنگ امیدوار کو ٹکٹ جاری کرنا ہوگا۔مشاہداللہ خان کے بیٹے افنان اللہ خان نے بطور کورنگ امیدوار پنجاب کی جنرل نشست پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں تاہم ان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے باعث ریٹرننگ آفیسر نے ابھی کاغذات نامزدگی منظور نہیں کئے۔ان پرایف بی آرکے نادہندہ ہونے کاالزام ہے۔

مسلم لیگ ن کے اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوار ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے کاغذات نامزدگی کی بھی منظور دیدی گئی جبکہ خواتین کی نشست پر امیدوار فرزانہ کوثر اور فرح ناز اکبر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔

اسلام آباد کی جنرل نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ، فرید الرحمان اور سید محمد علی بخاری کے کاغذات نامزدگی کی منظوری بھی دیدی گئی۔ خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد اور منیرہ جاوید مرزا کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔

اسلام آباد کی جنرل نشست پر آزاد امیدوار محمد یوسف کے کاغذات نامزدگی دوہری شہریت اور تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ نہ ہونے کے باعث مسترد کر دیئے گئے۔

ادھر تحریک انصاف کی پنجاب میں خواتین کی نشست پر بطور کورنگ امیدوار سامنے آنے والی فرحت شہزادی نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ۔پنجاب کی خواتین نشست پر ڈاکٹر زرقا کو نامزد کیا گیا ہے۔

پنجاب سے 11 نشستوں پر اب تک 15 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جا چکے ہیں۔ ن لیگ کے 5، پی ٹی آئی کے 8، پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے ایک، ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔

تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ، ڈاکٹر زرقا سہروری، محمد خان مدنی، عمر سرفراز چیمہ، بیرسٹر علی ظفر، سیف اللہ خان نیازی، اعجاز چودھری اور ظہیر عباس کھوکر جبکہ مسلم لیگ ن کے زاہد حامد، اعظم نزیر تارڑ، سیف الملوک کھوکھر، عرفان صدیقی اور سائرہ افضل تارڑ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

پنجاب سے خواتین کی دو نشستوں پر امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خواتین نشستوں پر پی ٹی آئی کی تین اور ن لیگ کی دو امیدوار میدان میں تھیں لیکن پی ٹی آئی کی نیلم ارشاد کے کاغذات مسترد جبکہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی نے کاغذات واپس لے لئے ہیں۔

سینٹ انتخابات کے لئے مسلم لیگ ن کی سائرہ افضل تارڑ، سعدیہ عباسی کی کورنگ امیدوار ہیں، سائرہ افضل تارڑ کے کاغذات واپس لینے کی صورت میں ان کا انتخاب بلا مقابلہ ہو سکتا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا سینٹ الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں پیش ہوئے۔

فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن کے دفتر آمد کے موقع پر پی ٹی آئی اورپیپلز پارٹی کے کارکنان موجودتھے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن آفس کے باہر کشیدگی پید اہوئی۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی تاہم اس دوران امن و امان کی صورتحال برقرا رکھنے کے لئے پولیس کی نفری بھی موجود رہی۔

یادرہے تحریک انصاف سندھ نے فیصل واوڈا کو سینٹ کا ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلے میں گورنر سندھ کو خط بھی لکھا تھا لیکن پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ٹکٹوں کے معاملے پر نظر ثانی کے بعد وزیراعظم نے فیصل واوڈا پر اعتراض کو مسترد کردیا اور ان کا سینٹ کا ٹکٹ برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

شیئر کریں



یہ بھی پڑھیے


سینٹ الیکشن:گیلانی،واوڈاکے کاغذات منظور،پرویزرشیدکے مسترد