سی ٹی ڈی کاچھاپہ،5اہلکاروں سمیت 7افرادجاں بحق،5زخمی

1 week ago


اہل علاقہ کامیتیں قراقرم روڈپررکھ کراحتجاج،3گھنٹے روڈبلاک رہا

گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کی جانب سے گھرپرچھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں5اہلکارجاں بحق جبکہ 5زخمی ہوگئے جبکہ اس دوران گھرمیں موجود 2 افرادبھی مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق28 جولائی کی رات سی ٹی ڈی نے ایک گھرپرملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ ماراتھاجس میں دوافرادموجودتھے جس میں سے ایک نمل کافارغ التحصیل طالبعلم بھی تھاجس کانام اظہاراللہ بتایاجاتاہے جویہاں پربلاکس بنانے کاکام کرتاتھا۔اس موقع پرفائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں پانچ اہلکارجاں بحق اورپانچ زخمی ہوئے جبکہ گھرمیں موجوددوافرادبھی مارے گئے۔ واقعے میں جاں بحق اورزخمی ہونے والے اہلکاروں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ کچھ مقامی لوگوں کولگتاہے کہ اظہارکا اپنے رشتہ داروں سے زمین کاتنازعہ چل رہا تھااورممکن ہے کہ انہوں نے غلط اطلاع دی جس سے یہ وقوعہ پیش آیا۔ اہل علاقہ نے دونوں افرادکی میتیں قراقرم روڈپررکھ کراحتجاج کیااورروڈبلاک کردیا۔ان کاکہناتھاکہ مرنے والے افرادمجرم تھے نہ ان کاکوئی کریمنل ریکارڈموجودتھا۔دونوں افرادکی میتیں غیرمعمولی طورپرگھرکے باہرسے ملی تھیں۔ کہاجاتاہے کہ مقامی پولیس کواس وقوعہ کی اطلاع نہیں تھی۔تین گھنٹے کے احتجاج کے بعدایس پی دیامیر شیرخان نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اوران کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے احتجاج ختم کروادیا۔ دودن میں واقعہ کی تحقیقات کراکرتفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے نگراں وزیراعلیٰ میر افضل نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمٰن سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

شیئر کریں



یہ بھی پڑھیے


اسلام آباد ہائیکورٹ:فیصل واوڈا نااہلی کیس سماعت کےلئے مقرر
شاہ محمودقریشی کے بیان کونجی چینل نے ہٹادیا
سیاحتی مقامات،سینماز،میرج ہالز،مزارات کھولنے کافیصلہ

رمضان شوگر ملز ریفرنس :شہباز شریف ،حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

2 days ago


ملزمان کا صحت جرم سے انکار،احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاءسے دلائل طلب کر لئے

رمضان شوگر ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ شہباز شریف کا عدالت میں کہنا تھا کہ میں گنہگار ہوں گا مگر عوام کی خدمت میں کمی نہیں چھوڑی، پنجاب کے عوام کی 10 سال خدمت کی۔ پراسیکیوشن جو چاہے بولیں مگر انہیں اپنے دلوں میں پتہ ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ پنجاب کے عوام کی خدمت کے لئے سرکاری دورے کئے مگر کروڑوں روپے کا ٹی اے ڈی اے چھوڑا، اپنی گاڑی کے لیے پیٹرول کبھی نہیں لیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا عوامی خوشحالی و ترقی کے لئے اربوں نہیں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کئے، کھربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا۔ آج یہاں احد چیمہ اور فواد حسن فواد بیٹھے ہیں، میں نے ٹیم کے ساتھ مل کر کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کرائی۔ اورنج لائن ٹرین میں 100 ارب روپے بچائے، آپ کو کیا کیا مثالیں بتائوں۔ جس گندے نالے کا الزام مجھ پر لگایا جا رہا ہے اس کی قیمت 20 کروڑ روپے ہے، ایک طرف میں ٹی اے ڈی اے نہ لوں اور دوسری طرف گندے نالے کی رقم سے میں جھک ماروں گا؟ کمرہ عدالت میں موجود دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاءسے دلائل طلب کر لئے۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔



پاکستان کا سعودی عرب سے راستے جدا کرنے کا اعلان

2 days ago


مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے کردار ادا نہ کیا تو اس کے بغیر آگے بڑھیں گے۔ شاہ محمود قریشی

پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک نہایت اہم موڑ آ گیا ہے اور اب پاکستان نے سعودی عرب اور او آئی سی کے بغیر ہی مسلم ممالک کے ساتھ براہ راست بات چیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کی شب ایک نجی ٹی وی پر انتہائی جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا کشمیر کے معاملے میں کردار کا مزید انتظار نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب کے تقاضے پر بوجھل دل کے ساتھ ملائشیا نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا سعودی عرب سے تقاضہ ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد نے پاکستان کی مشکلات کے پیش نظر ملائشیا نہ جانے پر آف تک نہیں کیا۔ شاہ محمود نے کہا کہ اگر سعودی عرب نے قائدانہ کردار ادا نہ کیا تو وہ وزیر اعظم عمران خان جو سفیر کشمیر بھی ہیں سعودی عرب کے بغیر ہی آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر او آئی سی سے اپیل کرتے ہیں کہ تین سو سالہ پرانی بابری مسجد کو شہید کر کے اس کی جگہ پر مندر کی تعمیر ہو رہی ہے۔ اس پر او آئی سی کیا خاموش رہے گی؟ انہوں نے سوال کیا کہ او آئی سی کیوں خاموش رہے گی؟ انہوں نے ٹی وی کے اینکر سے کہا کہ وہ آج اپنے قد سے بڑی بات کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر او آئی سی سے مودبانہ گزارش کرتے ہیں کہ کونسل آف فارن منسٹرز کا اجلاس بلایا جائے۔ اگر وہ یہ اجلاس نہیں بلا سکتے تو پھر وہ مجبوراً اپنے وزیر اعظم سے کہیں گے کہ وہ مسلم ممالک جو کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہتے ہیں تو ان ممالک کا اجلاس بلا لیں چاہے وہ او آئی سی کے فورم پر ہو یا نہ ہو۔ او آئی سی کو فیصلہ کرنا ہے کہ ایک بانی رکن ملک کے حساس مسئلہ پر ساتھ دینا چاہتی ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا کہ او آئی سی بچ بچاؤ اور آنکھ مچولی سے باہر نکلے۔



چیئرمین نیب اب جج نہیں،طلب کرسکتے ہیں،جسٹس قاضی فائزعیسیٰ

3 days ago


نیب افسران کی نااہلی سے لوگ جیلوں میں سڑرہے ہیں،ڈی جیزتقرریوں سے متعلق تفصیلات طلب

نیب کے ڈی جیز کی تقرریوں پرسوالات اٹھنے لگے۔خودکونیب افسرظاہرکرکے فراڈکرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت پرسپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی جس میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بھی شامل تھے۔سماعت کے موقع پرنیب پراسیکیوٹراورڈی جی نیب بھی عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ محمد ندیم نے ایم ڈی پی اسی اوکوڈی جی نیب بن کرکال کی۔ملزم کے پاس بڑے بڑے افسران کے نمبرکیسے آئے؟مڈل پاس ملزم کے پاس صرف ایک بھینس ہے۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ایم ڈی پی ایس او سمیت 22 افراد کی مختلف شکایات ملیں، ایم ڈی پی ایس او نے ڈی جی نیب عرفان منگی سے رابطہ کیا۔ عدالت نے ڈی جی نیب عرفان منگی کی تقرری پربھی سوالات اٹھائے۔جسٹس قاضی فائز نے ڈی جی نیب عرفان منگی سے پوچھاکہ عرفان منگی صاحب آپ کی تعلیم اور تنخواہ کیا ہے؟جس پرعرفان منگی نے بتایا کہ انجینئر ہوں اور تنخواہ 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے سوال کیا کہ کیا آپ فوجداری معاملات کا تجربہ رکھتے ہیں؟ عرفان منگی نے بتایا کہ میرا کوئی تجربہ نہیں جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک انجینئر نیب کے اتنے بڑے عہدے پر کیسے بیٹھا ہوا ہے؟ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا چیئرمین نیب کس قانون کے تحت بھرتیاں کرتے ہیں؟ چیئرمین نیب آئین اور قانون کو بائی پاس کر کے کیسے بھرتیاں کر سکتے ہیں؟ چیئرمین نیب اب جج نہیں، انہیں ہم عدالت بلاسکتے ہیں، عرفان منگی کس کی سفارش پر نیب میں گھس آئے؟ مارشل لاءمیں قانون کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں، نیب عوام کے پیسے سے چلتا ہے اور سب عوام کے نوکر ہیں۔ مارشل لاءسے بہترہے ملک دوبارہ انگریزوں کے حوالے کردیاجائے۔نیب کامیڈیاٹرائل نہیں کررہے وہ توآج کشمیرریلی پرگئے ہوئے ہیں۔نیب افسران کی نااہلی سے لوگ جیلوں میں سڑرہے ہیں۔لگتاہے نیب کیلئے قانون کی کلاسز لگانا ہوں گی۔ہر بندہ کرسی پر بیٹھ کر اپنا ایجنڈا چلا رہا ہے، بہت مواقع دیئے مگر نیب کے غیر قانونی کام جاری ہیں، لوگوں کو ڈرانے کیلئے نیب کا نام ہی کافی ہے۔جسٹس مشیرعالم نے کہاہم سب ریاست کے ملازم ہیں۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ڈی جیز کی تقرریوں سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔