ایف اے ٹی ایف سے متعلق 2 بلز سینٹ میں بھی منظور

1 week ago


شاہ محمودقریشی نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی دیگر جماعتوں کا شکریہ اداکیا

فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق قانون سازی کے 2 بلز قومی اسمبلی میں منظور ی کے بعد سینٹ میں بھی کثرت رائے سے منظور کرلئے گئے۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2020 اور اقوامِ متحدہ (سکیورٹی کونسل) (ترمیمی) بل 2020 پر ووٹنگ کروائی گئی اور انہیں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ سینٹ اجلاس سے قبل سینیٹر جاوید عباسی کی سربراہی میں سینٹ کی کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا جس میں دونوںترمیمی بل منظور کرلئے گئے۔ اس موقع پرسینٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آج ہونے والی قانون سازی کو فوری طور پر ایشیا پیسفک گروپ کو بھجوایا جائے گا اور امید ہے کہ اے جی پی اس کا جائزہ لے کر اکتوبر میں ہونے والے پلانری اجلاس میں اسے پیش کرے گی۔ آج سینٹ نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ یہ ایک پختہ ذہن اور سنجیدہ ایوان ہے اور جہاں پاکستان کا مفاد آئے گا وہاں جماعتی حدود و قیود اور ذاتی مفادات پس پشت ڈالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایوان میں دونوں بلز کی منظوری پر ایوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھارت کافی عرصے سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروانے کی کوشش کررہا ہے اور اس کا یہ مقصد ہے کہ پاکستان مالی مشکلات کا شکار رہے۔ میں آج مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے آج بھارت کے عزائم کو خاک میں ملادیا، ہمارے باہمی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن پاکستان کے معاملے پر ہم ایک ہیں۔

شیئر کریں



یہ بھی پڑھیے


اسلام آباد ہائیکورٹ:فیصل واوڈا نااہلی کیس سماعت کےلئے مقرر
شاہ محمودقریشی کے بیان کونجی چینل نے ہٹادیا
سیاحتی مقامات،سینماز،میرج ہالز،مزارات کھولنے کافیصلہ

رمضان شوگر ملز ریفرنس :شہباز شریف ،حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

2 days ago


ملزمان کا صحت جرم سے انکار،احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاءسے دلائل طلب کر لئے

رمضان شوگر ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ شہباز شریف کا عدالت میں کہنا تھا کہ میں گنہگار ہوں گا مگر عوام کی خدمت میں کمی نہیں چھوڑی، پنجاب کے عوام کی 10 سال خدمت کی۔ پراسیکیوشن جو چاہے بولیں مگر انہیں اپنے دلوں میں پتہ ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ پنجاب کے عوام کی خدمت کے لئے سرکاری دورے کئے مگر کروڑوں روپے کا ٹی اے ڈی اے چھوڑا، اپنی گاڑی کے لیے پیٹرول کبھی نہیں لیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا عوامی خوشحالی و ترقی کے لئے اربوں نہیں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کئے، کھربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا۔ آج یہاں احد چیمہ اور فواد حسن فواد بیٹھے ہیں، میں نے ٹیم کے ساتھ مل کر کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کرائی۔ اورنج لائن ٹرین میں 100 ارب روپے بچائے، آپ کو کیا کیا مثالیں بتائوں۔ جس گندے نالے کا الزام مجھ پر لگایا جا رہا ہے اس کی قیمت 20 کروڑ روپے ہے، ایک طرف میں ٹی اے ڈی اے نہ لوں اور دوسری طرف گندے نالے کی رقم سے میں جھک ماروں گا؟ کمرہ عدالت میں موجود دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاءسے دلائل طلب کر لئے۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔



پاکستان کا سعودی عرب سے راستے جدا کرنے کا اعلان

2 days ago


مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے کردار ادا نہ کیا تو اس کے بغیر آگے بڑھیں گے۔ شاہ محمود قریشی

پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک نہایت اہم موڑ آ گیا ہے اور اب پاکستان نے سعودی عرب اور او آئی سی کے بغیر ہی مسلم ممالک کے ساتھ براہ راست بات چیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کی شب ایک نجی ٹی وی پر انتہائی جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا کشمیر کے معاملے میں کردار کا مزید انتظار نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سعودی عرب کے تقاضے پر بوجھل دل کے ساتھ ملائشیا نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا سعودی عرب سے تقاضہ ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد نے پاکستان کی مشکلات کے پیش نظر ملائشیا نہ جانے پر آف تک نہیں کیا۔ شاہ محمود نے کہا کہ اگر سعودی عرب نے قائدانہ کردار ادا نہ کیا تو وہ وزیر اعظم عمران خان جو سفیر کشمیر بھی ہیں سعودی عرب کے بغیر ہی آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر او آئی سی سے اپیل کرتے ہیں کہ تین سو سالہ پرانی بابری مسجد کو شہید کر کے اس کی جگہ پر مندر کی تعمیر ہو رہی ہے۔ اس پر او آئی سی کیا خاموش رہے گی؟ انہوں نے سوال کیا کہ او آئی سی کیوں خاموش رہے گی؟ انہوں نے ٹی وی کے اینکر سے کہا کہ وہ آج اپنے قد سے بڑی بات کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر او آئی سی سے مودبانہ گزارش کرتے ہیں کہ کونسل آف فارن منسٹرز کا اجلاس بلایا جائے۔ اگر وہ یہ اجلاس نہیں بلا سکتے تو پھر وہ مجبوراً اپنے وزیر اعظم سے کہیں گے کہ وہ مسلم ممالک جو کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہونا چاہتے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہتے ہیں تو ان ممالک کا اجلاس بلا لیں چاہے وہ او آئی سی کے فورم پر ہو یا نہ ہو۔ او آئی سی کو فیصلہ کرنا ہے کہ ایک بانی رکن ملک کے حساس مسئلہ پر ساتھ دینا چاہتی ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا کہ او آئی سی بچ بچاؤ اور آنکھ مچولی سے باہر نکلے۔



چیئرمین نیب اب جج نہیں،طلب کرسکتے ہیں،جسٹس قاضی فائزعیسیٰ

3 days ago


نیب افسران کی نااہلی سے لوگ جیلوں میں سڑرہے ہیں،ڈی جیزتقرریوں سے متعلق تفصیلات طلب

نیب کے ڈی جیز کی تقرریوں پرسوالات اٹھنے لگے۔خودکونیب افسرظاہرکرکے فراڈکرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت پرسپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی جس میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بھی شامل تھے۔سماعت کے موقع پرنیب پراسیکیوٹراورڈی جی نیب بھی عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ محمد ندیم نے ایم ڈی پی اسی اوکوڈی جی نیب بن کرکال کی۔ملزم کے پاس بڑے بڑے افسران کے نمبرکیسے آئے؟مڈل پاس ملزم کے پاس صرف ایک بھینس ہے۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ایم ڈی پی ایس او سمیت 22 افراد کی مختلف شکایات ملیں، ایم ڈی پی ایس او نے ڈی جی نیب عرفان منگی سے رابطہ کیا۔ عدالت نے ڈی جی نیب عرفان منگی کی تقرری پربھی سوالات اٹھائے۔جسٹس قاضی فائز نے ڈی جی نیب عرفان منگی سے پوچھاکہ عرفان منگی صاحب آپ کی تعلیم اور تنخواہ کیا ہے؟جس پرعرفان منگی نے بتایا کہ انجینئر ہوں اور تنخواہ 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے سوال کیا کہ کیا آپ فوجداری معاملات کا تجربہ رکھتے ہیں؟ عرفان منگی نے بتایا کہ میرا کوئی تجربہ نہیں جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک انجینئر نیب کے اتنے بڑے عہدے پر کیسے بیٹھا ہوا ہے؟ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا چیئرمین نیب کس قانون کے تحت بھرتیاں کرتے ہیں؟ چیئرمین نیب آئین اور قانون کو بائی پاس کر کے کیسے بھرتیاں کر سکتے ہیں؟ چیئرمین نیب اب جج نہیں، انہیں ہم عدالت بلاسکتے ہیں، عرفان منگی کس کی سفارش پر نیب میں گھس آئے؟ مارشل لاءمیں قانون کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں، نیب عوام کے پیسے سے چلتا ہے اور سب عوام کے نوکر ہیں۔ مارشل لاءسے بہترہے ملک دوبارہ انگریزوں کے حوالے کردیاجائے۔نیب کامیڈیاٹرائل نہیں کررہے وہ توآج کشمیرریلی پرگئے ہوئے ہیں۔نیب افسران کی نااہلی سے لوگ جیلوں میں سڑرہے ہیں۔لگتاہے نیب کیلئے قانون کی کلاسز لگانا ہوں گی۔ہر بندہ کرسی پر بیٹھ کر اپنا ایجنڈا چلا رہا ہے، بہت مواقع دیئے مگر نیب کے غیر قانونی کام جاری ہیں، لوگوں کو ڈرانے کیلئے نیب کا نام ہی کافی ہے۔جسٹس مشیرعالم نے کہاہم سب ریاست کے ملازم ہیں۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ڈی جیز کی تقرریوں سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔