سینٹ الیکشن صدارتی ریفرنس:ن لیگ،پی پی بھی چیلنج کرے گی

3 weeks ago


جمعیت علماءاسلام (ف) نے مذکورہ آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا

سینٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس کون لیگ اورپیپلزپارٹی نے بھی چیلنج کرنے کافیصلہ کیاہے۔

سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے اعلان کہا ہے کہ ان کی جماعت بھی سینٹ انتخابات سے متعلق صدارتی آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگومیں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج جب حکومت کو شکست دکھائی دے رہی ہے تو اسے اوپن بیلٹ کا خیال آیا ۔

ادھر پیپلزپارٹی نے بھی سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے معاملے میں صدارتی ریفرنس میں فریق بننے اور حکومتی آرڈیننس کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواہے جس میں ریفرنس اور آرڈیننس کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے بتایا کہ پیپلزپارٹی سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر سماعت صدارتی ریفرنس میں فریق بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ مزید یہ کہ پیپلزپارٹی اوپن بیلٹ سے متعلق آرڈیننس کو بھی ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی۔

یاد رہے تحریک انصاف کی حکومت نے آئندہ سینٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے لئے سپریم کورٹ کی رائے حاصل کرنے کے لئے دسمبر میں سپریم کورٹ میں ایک صدارتی ریفرنس دائر کیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روزجمعیت علماءاسلام (ف) نے سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کا صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا۔

شیئر کریں



یہ بھی پڑھیے


این اے 75 ضمنی انتخابات :الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
سٹیٹ بینک کرنسی چوری معاملہ،49لاکھ روپے برآمد
این اے75سیالکوٹ کاضمنی الیکشن کالعدم قرار

احسان اللہ احسان کے فرارمیں چند فوجی ملوث تھے،ترجمان پاک فوج

1 week ago


ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ، جلد میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائے گی،میجرجنرل بابر

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے فوج کی تحویل سے فرار ہونے میں چند فوجی افسران ملوث تھے،مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ دار فوجی افسران کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی سے متعلق پیش رفت جلد میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائے گی،احسان اللہ احسان کودوبارہ گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔فی الوقت علم نہیں احسان اللہ کہاں ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے غیر ملکی میڈیا سے بات چیت میں کہا جس ٹوئٹراکائونٹ سے ملالہ کو دھمکی دی گئی وہ جعلی تھا۔

مسنگ پرسنز پر بننے والے کمیشن نے بہت پیشرفت کی ،6 ہزار سے زائد مقدمات میں سے 4 ہزار حل کئے جا چکے ہیں ،مسنگ پرسنز کا معاملہ جلد حل ہوگا۔

انہوں نے ہزارہ کان کنوں کے قتل کے حوالے سے بتایا کیچ میں ہزارہ کان کنوں کے قتل پرچند افراد کو حراست میں لیا ہے، یہ بہت اہم گرفتاریاں ہیں لیکن تفصیل نہیں دے سکتا۔

وزیرستان کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاوزیرستان میں کارروائیوں پرشدت پسندوں کا ردعمل آ رہا ہے، وزیرستان میں کوئی منظم گروہ نہیں رہا۔

چھوٹے موٹے شدت پسند کارروائیاں کررہے ہیں اور اِن کا بھی جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔

بھارت کی شدت پسندوں کو مدد کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان نے بتایابھارت پاکستان مخالف شدت پسندوں کی مدد کر رہا ہے اور پاکستان میں شدت پسندوں کی مدد افغانستان سے کی جا رہی ہے۔

بھارت شدت پسندوں کو اسلحہ، پیسے اور نئی ٹیکنالوجی دے رہا ہے، یہ بات بعید ازقیاس نہیں کہ یہ سب افغان انٹیلی جنس کے علم میں ہے۔

خیال رہے گزشتہ سال فروری میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ سرکاری تحویل سے فرار ہوگاہے۔

بعدازاں اس وقت کے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے بھی تصدیق کی تھی۔



سیالکوٹ ضمنی الیکشن:14پولنگ سٹیشنزپردوبارہ انتخاب کی سفارش

1 week ago


متعلق ریٹرننگ آفیسر نے رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن سے متعلق ریٹرننگ آفیسر نے رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرادی۔

رپورٹ کے مطابق 23 پولنگ سٹیشنز کے نتائج میں تاخیر پر مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار نے درخواست دی اور پولنگ سٹیشنز کے نتائج کو حتمی نتائج میں شامل نہ کرنے کی استدعا کی۔

ریٹرننگ آفیسر نے نوشین افتخار سے کہا ن لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو پریذائیڈنگ آفیسرز کی طرف سے دیئے گئے فارم 45 فراہم کئے جائیں۔ ن لیگی امیدوار نے 18 پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 بھجوائے۔

فارم 45 کا تفصیلی جائزہ لینے پر لیگی امیدوار کے خدشات کی تصدیق ہوئی تاہم پی ٹی آئی امیدوار نے پریذائیڈنگ آفیسرز کے فارم 45 پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر کی ہدایات پر 20 پولنگ سٹیشنز کے پریذائیڈنگ آفیسرز کو تحقیقات کیلئے بلایا گیا تو 13 گمشدہ پریذائیڈنگ آفیسرز میں سے 8 نے اگلے روز پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا کہ رات ساڑھے دس بجے تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوا، دھند کے باعث پہنچنے میں تاخیر ہوئی جبکہ موبائل کی بیٹری ختم ہونے کے باعث وہ رابطہ نہ کر سکے۔

بادی النظر میں 14 پولنگ سٹیشنز پر پریذائیڈنگ آفیسرز نے نتائج میں ردوبدل کیا، شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن این اے 75 کے 14 پولنگ سٹیشنز میں دوبارہ الیکشن کرائے اور تب تک الیکشن کمیشن این اے 75 کے نتائج کا اعلان نہ کرے۔



شمالی وزیرستان:نامعلوم افرادکی فائرنگ سے4خواتین قتل

1 week ago


خواتین کاتعلق این جی اوسے تھا،پولیس:این جی اوکی تردید

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 4 خواتین کوقتل کردیا۔

فائرنگ ایپی گائوں کے قریب این جی اوکی گاڑی پرکی گئی جس کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق ہوئیں جکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی، سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی چاروں خواتین سماجی کارکن تھیں، لاشوں اور زخمی ڈرائیور کو تحصیل ہیڈکوارٹر ز ہسپتال میرعلی منتقل کردیا گیا ۔

چاروں خواتین مقامی تربیتی مرکز سے تعلق رکھتی ہیں جو مرکز کی جانب جا رہی تھی کہ انہیں راستے میں روک کر ٹارگٹ کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور خواتین کو قتل کرنے کے بعد ان کے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات ساتھ لے گئے۔ پولیس کی جانب سے جاں بحق خواتین کا تعلق صباون این جی او سے بتایا گیا ہے تاہم این جی او نے خبر کی تردید کی ہے۔جاں بحق خواتین اور زخمی ڈرائیور کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں سے ہے۔

ادھرشمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے گائوں ٹنڈی میں گزشتہ شب نامعلوم افرادنے ناکہ بندی کرکےایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

جاں بحق شخص کا نام ولی گل ولد یوسف بتایا جارہا ہے۔ فائرنگ کے بعد 8 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ نامعلوم حملہ آورانہیں ساتھ لے گئے ہیں۔

لاپتہ افراد میں لوکل گورنمنٹ کا ایک آفیسر اور ایک وکیل بھی شامل ہیں۔ باقی مغویوں میں مقامی اور غیر مقامی افراد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کیلئے پولیس اور سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔